(ایجنسیز)
قاہرہ…مصر میں نے آئینی مسودے پر 2روزہ ریفرنڈم میں ووٹنگ آج بھی جاری رہے گی۔ گزشتہ روز پرتشدد واقعات میں 9 افراد ہلاک ہوئے۔ ریفرنڈم میں کامیابی کی صورت میں فوجی سربراہ کے لیے صدارتی انتخاب لڑنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔مصر میں جاری ریفرنڈم اس نئے آئین کے لیے ہے جس کی منظوری کی صورت میں فوجی سربراہ جنرل عبد الفتاح السیسی صدر کے عہدے کے لیے
انتخاب میں کھڑے ہوپائیں گے۔سابق صدر مرسی کی جماعت اخوان المسلمین نے ریفرینڈم کا بائیکاٹ کیا ہے۔ ریفرینڈم کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاہم اخوان المسلمون کے حامیوں اور پولیس میں جھڑپوں کے باعث 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیا آئین شہریوں کو قدرے زیادہ حقوق اور آزادی فراہم کرتا ہے جبکہ ناقدین کی نظر میں نیا آئین عوام کے بجائے فوج کے حقوق کا محافظ ہے۔